بھٹکل:15/اگست(ایس او نیوز)آج 15/ اگست کے موقع پرتعلقہ کے مختلف محکمہ جات کے دفاتر، اسکولوں ، کالجوں ، اداروں اور تنظیموں کی طرف سے بہت ہی خوشی و مسرت کےساتھ 70ویں یو مِ آزادی کا جشن منایا گیا۔ مگرتعلقہ انتظامیہ کی جانب سے تعلقہ اسٹڈیم میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے مسلمان مجاہدین آزادی کو نظر انداز کرنے پر مسلمانوں میں سخت برہمی دیکھی گئی۔
تعلقہ کے نوائط کالونی تعلقہ اسٹڈیم میدان (المعروف وائی ایم ایس اے گراونڈ) میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی پروگرام میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر چدانند وٹارے نے پرچم کشائی کی۔ اس کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مجاہدین آزادی کے اہم لوگوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو، سردارولبھ بھائی پٹیل ،نیتاجی سبھاش چندربوس، بھگت سنگھ ، چندرشیکھر آزاد کا نام لیا، لیکن کسی بھی مسلمان کا نام ان کی زبان پر نہیں آیا۔جس پر مقامی مسلمانوں میں سخت ناراضگی پائی گئی۔
چدانند وٹارے نے کہاکہ ملک کی آزادی کے لئے ان مجاہدین سمیت کافی لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔ اسلاف کی قربانیوں سے ملی آزادی کو باقی رکھنا ہماری اہم ذمہ داری ہے، اس موقع پر انہوں نے سرحد پر حفاظت کے لئے تعینات فوجیوں کے ایثار کو یاد دلایا۔ رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے صدارت کرتے ہوئے صحت اورتعلیم پر زیادہ زور دیا اور کہا کہ اُن کا نشانہ ہے کہ وہ ۔ بھٹکل کی ترقی کے لئے 1000کروڑ روپئے کی امداد بہم پہنچائیں۔
تحصیلدار وی ، این ، باڈکر نے استقبالیہ پیش کیا۔ بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش پٹگار نے شکریہ اداکیا۔ تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، بھٹکل بلدیہ صدر منجما رویندر، تعلقہ پنچایت اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن وشنو دیواڑیگا، ممبران ہنومنت نائک، محسن جکا، تعلقہ پنچایت افسر سی ٹی نائک، بلدیہ چیف آفیسر رمیش، سی پی آئی سریش نایک وغیرہ موجود تھے۔ استاد شری دھر شیٹھ نے پروگرام کی نظامت کی۔ اس سے قبل ایس آئی ریوتی ، ایس آئی کوڈگونٹی کی قیادت میں محکمہ پولس، اسکول اور کالج کے این سی سی کیڈٹ ، اسکاؤٹ لیڈرس کی طرف سے خصوصی پریڈ اور سلامی دی گئی ۔ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل، رابطہ سوسائٹی اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے عہدیداران، ممبران وغیرہ اس موقع پر موجود تھے۔
مرڈیشور میں یوم آزادی :70ویں یوم آزادی کے موقع پر ماولی -1گرام پنچایت حدود کے نہرومیدان میں گرام پنچایت صدر منگلا ایشور نائک نے پرچم کشائی کی۔ مہمان خصوصی کے طورپر ڈاکٹر سنیل جتن اور مہمانوں کے طورپر موظف سپروائزر ای، شیوپا ، گرام پنچایت کے نائب صدر ، ممبران، عملہ ، اسکول کے صدور مدرسین ، اساتذہ ، طلبا ، طالبات ، پولس محکمہ کا عملہ اور دیگر شہری موجود تھے۔ سرکاری ہائر پرائمری اسکول کریکٹے کی طالبات نے استقبالیہ نظم پیش کی ۔ پنچایت ترقی افسر ایس بی ہتی نے استقبال کیا۔ گرام پنچایت ممبر گنیش منجپا نائک نے نظامت کی ۔ لوکیشور کے گونڈ نے شکریہ اداکیا۔